ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع شمالی کینرا کی تجویز کو ریاستی حکومت کی منظوری؛ پرائمری اسکول طلباء کے لئے جوتے اور ہائی اسکول طالبات کے لئے چوڑی دار

ضلع شمالی کینرا کی تجویز کو ریاستی حکومت کی منظوری؛ پرائمری اسکول طلباء کے لئے جوتے اور ہائی اسکول طالبات کے لئے چوڑی دار

Sun, 16 Oct 2016 14:24:41    S.O. News Service

کاروار 16/اکتوبر(ایس اونیوز) سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے طلباء کو گزشتہ سال حکومت کی طرف سے جوتے فراہم کرنے کا قابل قدراقدام کیا گیاتھا۔ اب آئندہ ہائی اسکول کی لڑکیوں کو اسکرٹ کے بدلے چوڑی دار والا یونیفارم فراہم کرنے کی تجویز حکومت نے منظور کرلی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ طلباء کے لئے یونیفارم میں تبدیلیوں کی یہ دونوں تجاویز شمالی کینرا کی طر ف سے حکومت کو بھیجی گئی تھیں۔

 دلچسپ بات یہ ہے گزشتہ میعاد میں جب وشویشورہیگڈے کاگیری وزیر تعلیم تھے، تو چار سال قبل کاروار کے صحافیوں کی انجمن کی طرف سے'یوم صحافت ' کے موقع پر بیت کول اور شیرواڈ کے اسکولوں میں غریب طلباء کو مفت میں جوتے فراہم کرنے پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔کیونکہ بہت سارے غریب طلباء جوتے چپلوں کے بغیر ننگے پاؤں اسکول آتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ یہ ایک نیا خیال تھا جو ریاست میں پہلی بار سامنے آیا تھا۔ اس پروگرام کے مہمان کے طور پر پرائمری اور ہائی اسکول کے وزیر تعلیم کاگیری نے شرکت کی تھی۔اس وقت انہوں نے اس تجویزکوطلباء کی بہتری کے لئے ایک نمونہ قرار دیتے ہوئے اسے حکومت کے سامنے رکھنے اور محکمہئ تعلیم کے تحت تمام سرکاری اسکولوں میں جاری کروانے کا یقین دلایا تھا۔اس کے بعد کاگیری نے حکومت کی سطح پر یہ تجویز پیش تو کی تھی مگر اسے منظور کروانے سے پہلے ہی بی جے پی کی میعادکار ختم ہوگئی۔پھر جب کانگریس برسر اقتدار آئی تو وزیر تعلیم کیمّنے رتناکر نے کچھ عرصہ تک اس تجویز کو حکومت کے زیر غور رہنے کی بات کہی۔پھر دوسرے سال اسے بجٹ میں منظوری مل گئی۔اور طلباء کو جوتے فراہم کیے جانے لگے۔

یہ 15جولائی 2015کی بات ہے جب ضلع پنچایت اجلاس میں کمٹہ سنتے گولی کی طالبہ کی خود کشی اور وہاں پر موجود طالبات کے ہاسٹل کی بد انتظامی پر گرما گرم بحث ہورہی تھی۔ اس بحث کے دوران یلاپور کے ضلع پنچایت رکن اننت ناگر جڈّی نے ایک تجویز رکھی کہ فی الحال ہائی اسکول کے طلباء کو یونیفارم کے طور پر جو اسکرٹ دئے جاتے ہیں، اس کے بدلے انہیں چوڑی دار لباس فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا تھا کہ بچیاں اب ذرا پہلے ہی جوان ہوجاتی ہیں، اسکرٹ کی وجہ سے انہیں کلاس میں بیٹھنے میں شرمندگی اور دقت ہوتی ہے۔اس لئے ہم نے اپنے علاقے میں اسکرٹ کے بدلے چوڑی دار کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔لہٰذا ضلع پنچایت کی طرف سے اس تجویز کو منظور کیا جائے اور اسے حکومت کے پاس منظوری کے لئے بھیجا جائے۔تب یہ تجویز بالاتفاق منظور ہوئی اور حکومت کو بھیج دی گئی۔اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے تعلیمی سال سے ہائی اسکول طالبات کو اسکرٹ کے بجائے چوڑی دار فراہم کیے جائیں گے۔
 


Share: